بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) پچھلے لیجسلیٹیو کونسل اجلاس میں ہنگامہ کا سبب بننے والی اوقافی املاک سے متعلق انور مانپاڈی رپورٹ کی گونج آج دوبارہ ایوان کی کارروائیوں کے دوران سنائی دی۔اپوزیشن بی جے پی نے مانپاڈی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ضد کرتے ہوئے آج دوبارہ کارروائیوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔اپوزیشن لیڈر ایشورپا نے اوقافی املاک پر غیر قانونی قبضوں کا معاملہ ایوان میں اٹھایا اور کہاکہ ایوان کے چیرمین نے حکومت کو جو رولنگ دی تھی فوری طور پر اس کو عملی شکل دی جائے۔ گورنر نے بھی حکومت کو یہ ہدایت دی ہے کہ یہ رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔ اس مرحلے میں ایوان کے نئے لیڈر وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ ایوان کی کارروائیوں کیلئے جو ایجنڈا طے کیا گیا ہے اسی کے مطابق کارروائی چلائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھلے ہی اپوزیشن لیڈر نے اہمیت کے حامل ایک مسئلہ کو ایوان میں پیش کیا ہے ، حکومت کو اس سلسلے میں ایوان کے چیرمین شنکر مورتی کے حکم سے انکار بھی نہیں ہے، لیکن سب سے پہلے ایجنڈا کے مطابق ایوان میں وقفۂ سوالات چلنے دیا جائے اور اس کے بعد یہ معاملہ اٹھایا جاسکتا ہے۔